یومِ آزادی اور ہماری ذمہ داریاں

A message for my kids and my students on Pakistan’s independence day (14th August 2025)

یومِ آزادی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کتنی قربانیوں، دعاؤں اور محنتوں کے بعد حاصل ہوا۔ ہمارے بزرگوں نے اپنا مال، گھر، عزت، اور جان تک قربان کر دی تاکہ ہم ایک آزاد ملک میں آزادی سے سانس لے سکیں، اپنے دین پر عمل کر سکیں اور عزت و سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ اس آزادی کی قدر کرنا اور اسے سنبھالنا ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔

بچو! ہمیں بحثیت ایک پاکستانی دو باتیں ہمیشہ یاد رکھنی چاہییں

پہلی بات: ہم جہاں بھی ہوں، اور ہمارے اردگرد حالات جیسے بھی ہوں (چاہے سکول میں، گھر میں، گلی محلے میں یا ملک سے باہر) ہمیں اپنا فرض پورا کرنا ہے۔ ہمیں اپنی صلاحیت کے مطابق سو فیصد محنت کرنی ہے تاکہ ہم معاشرے کے لیے بہترین خدمت پیش کر سکیں۔ یہ محنت صرف پڑھائی میں نہیں بلکہ اچھے اخلاق، صفائی، سچائی، مدد کرنے، اور ایک دوسرے کے ساتھ اچھے سلوک میں بھی ہونی چاہیے۔ یاد رکھیں! معاشرہ اسی وقت بہتر بنتا ہے جب ہر فرد اپنی جگہ ایمانداری سے اپنا کردار ادا کرے۔

دوسری بات: ہمارا رزق (چاہے وہ پیسہ ہو، کھانا پینا، عہدہ، خاندان، یا دوست) اللہ تعالیٰ نے پہلے سے ہمارے لیے لکھ دیا ہے۔ کوئی شخص ہمارا رزق ہم سے چھین کر کم نہیں کر سکتا، اور نہ ہی ہم کسی سے چھین کر اپنا رزق بڑھا سکتے ہیں۔ اس لیے حسد، لالچ، یا غلط طریقوں سے بچیں، اور اللہ پر بھروسہ رکھیں۔ جو ہمارا ہے، وہ ہمیں ضرور ملے گا، چاہے زمین و آسمان کی طاقتیں مل کر اسے روکنے کی کوشش کریں۔

یاد رکھیں! پاکستان کی ترقی صرف بڑے بڑے منصوبوں سے نہیں بلکہ ہمارے اچھے کردار، محنت اور دیانت داری سے ہوگی۔ آپ سب اس ملک کا مستقبل ہیں، اس لیے آج سے ہی یہ عہد کریں کہ ہم سچے، محنتی اور اپنے وطن سے محبت کرنے والے شہری بنیں گے۔

اللہ تعالیٰ ہم سب پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، ہمیں آسانیاں عطا کرے، اور پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔ آمین۔

Leave a comment